ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / منگلورو ایئر پورٹ بم معاملہ: ملزم نے کی بنگلورو پولیس کے سامنے خود سپردگی

منگلورو ایئر پورٹ بم معاملہ: ملزم نے کی بنگلورو پولیس کے سامنے خود سپردگی

Wed, 22 Jan 2020 10:41:21  SO Admin   S.O. News Service

منگلورو22/جنوری (ایس او نیوز)منگلورو ایئر پورٹ پر مشکوک بم دستیاب ہونے کے بعدایک طرف بم اسکواڈ نے اسے ناکارہ بنادیا تھا تو دوسری طرف سی سی ٹی وی کیمرے میں قید تصویر کی بنیاد پر ملزم کی تلاش تیز کردی گئی تھی۔

اس دوران تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ایئر پورٹ پر بم رکھنے کے ملزم آدتیہ راؤ (36سال) نے بنگلورو پولیس کے سامنے خودسپردگی کردی ہے۔ آدتیہ راؤ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ اڈپی کے منی پال کا رہنے والا ہے۔اس نے بدھ کے دن صبح کے وقت ڈی جی پی اور آئی جی پی کے دفتر پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کیا۔ وہاں سے اس کوپوچھ تاچھ کے لئے ہولسور پولیس اسٹیشن لے جایا گیاہے۔

منگلور و کے پولیس کمشنر ڈاکٹرپی ایس ہر شا نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ”منگلورو پولیس کی ایک تحقیقاتی ٹیم ملزم آدتیہ راؤ سے تفتیش کرنے کے لئے بنگلورو کے لئے روانہ ہورہی ہے۔ملزم سے پوچھ تاچھ کے بعد اگلا اقدام کیا جائے گا۔“

آدتیہ راؤ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ انجینئرنگ اور ایم بی اے گریجویٹ ہے۔ سال 2018میں فون کرکے بنگلورو ایئر پورٹ پر بم ہونے کی جھوٹی خبر دینے پر اسے گرفتار کیا گیا تھا او روہ چھ مہینے کے جیل میں بندتھا۔اب کہا یہ جارہا ہے کہ ایئر پورٹ پرسیکیوریٹی گارڈ کی نوکری نہ ملنے کی وجہ سے اس کے دل میں ایئر پورٹ حکام کے خلاف بغض پیدا ہوگیا تھا۔ اور ان سے بدلہ لینے کے لئے اس نے منگلورو ایئر پورٹ پر دھماکہ ماد ہ والا بیگ رکھا تھا۔ملزم آدتیہ راؤ کو اس سے قبل پیئنگ گیسٹ سے لیپ ٹاپس چرانے کے الزام میں بھی ماضی میں تین ماہ جیل کی سزا کاٹنی پڑی تھی۔


Share: